پروجیکٹ کا تعارف
پروجیکٹ ایلارا (جس کا مطلب1 ”امید“ ہے) خلائی توانائی کی ٹیکنالوجیوں کے لیے وقف ایک تحقیقی ادارہ ہے۔ ہم سائنس کو اوپن سورس بنانے کے لیے کوشاں سائنس دان اور انجینئر ہیں، اور ہمارا یقین ہے کہ خلائی توانائی کی ٹیکنالوجی کو درست انداز میں بروئے کار لایا جائے تو وہ ایک پُرامن اور پرامید مستقبل کی بنیاد رکھ سکتی ہے۔
ہمارا تصور
ہم اپنی تہذیب کو توانائی فراہم کرنے کے لیے زمین کے قدرتی وسائل ہر لمحہ استعمال کر رہے ہیں، حالاں کہ یہ وسائل ایک دن ختم ہو جائیں گے۔ خلائی شمسی توانائی کے نظام اس مسئلے کا حل پیش کرتے ہیں: خلا میں، جہاں سورج کی روشنی مسلسل دستیاب ہے، تقریباً لامحدود شمسی توانائی حاصل کرنا اور اسے شعاعوں کے ذریعے زمین تک پہنچانا۔ یہ ٹیکنالوجی دنیا کو بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے، کیوں کہ اس سے توانائی کا ایک محفوظ اور قابلِ اعتماد ذریعہ مل سکتا ہے جو دنیا کو ہزاروں، بلکہ شاید دسیوں ہزار سال تک توانائی فراہم کر سکے۔ لیکن اب تک ایسے ڈیزائن عموماً ملکیتی اور تجارتی نوعیت کے رہے ہیں؛ ان کا مالی یا سیاسی استحصال آسانی سے ہو سکتا ہے اور یوں دنیا بھر میں توانائی کی قلت اور عدم مساوات مزید بڑھ سکتی ہے۔
پروجیکٹ ایلارا ایک مکمل طور پر اوپن سورس خلائی شمسی توانائی کا نظام تیار کر رہا ہے جو خلا میں سورج سے توانائی حاصل کر کے اسے منتقل کر سکے۔ ہم اپنی ٹیکنالوجی پر صرف دنیا کی بھلائی کے لیے کام کرتے ہیں: دور دراز اور کم ترقی یافتہ علاقوں میں بجلی اور انٹرنیٹ تک رسائی بہتر بنانے؛ غیر پائیدار توانائی کے ذرائع پر انحصار گھٹانے؛ اور جنگ زدہ علاقوں، قدرتی آفات سے متاثرہ خطوں اور امدادی کارروائیوں میں جانیں بچانے کے لیے مرکزی بجلی کے نظام سے آزاد توانائی فراہم کرنے کی خاطر۔
ہم وعدہ کرتے ہیں کہ اپنی فراہم کردہ توانائی کی قیمت کبھی بھی اپنے عملی اخراجات پورے کرنے کے لیے درکار کم سے کم رقم سے زیادہ نہیں رکھیں گے—اور اگر ممکن ہوا تو بالآخر اسے مفت فراہم کریں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ توانائی، جو انسانی زندگی کے لیے ناگزیر وسیلہ ہے، تمام انسانیت کا یقینی حق ہو۔ ہم وسائل پر تنازعات کا خاتمہ چاہتے ہیں اور توانائی کے غیر جانب دار فراہم کنندہ بننا چاہتے ہیں، جو کسی ایک گروہ یا ملک کے بجائے پوری انسانی تہذیب کی خدمت کے لیے وقف ہوں۔
ہمارا عزم
ہم ایک غیر منافع بخش ادارہ ہیں اور اپنی تمام تحقیق اور ٹیکنالوجی (بشمول تمام سورس کوڈ اور ہارڈویئر) کو عوام کے لیے دستیاب، قابلِ جانچ اور اتنا پائیدار بنانے کے لیے پُرعزم ہیں کہ وہ آنے والی بے شمار نسلوں کے کام آ سکے۔ ہم اپنا زیادہ تر کام پبلک ڈومین میں جاری کرتے ہیں تاکہ اس پر کبھی حقوقِ تصنیف یا پیٹنٹ قائم نہ کیا جا سکے اور وہ ہمیشہ تمام لوگوں کی مشترکہ ملکیت رہے۔
دوسری ٹیکنالوجیوں سے مقابلہ کرنے کے بجائے ہم ایک ایسے پائیدار توانائی کے نظام کا حصہ بننا چاہتے ہیں جو سب لوگوں کی خدمت کرے۔ ہمارا ماننا ہے کہ خلائی شمسی توانائی، پن بجلی، جوہری انضمام، حیاتیاتی توانائی اور ہوا سے حاصل ہونے والی توانائی جیسے متنوع قابلِ تجدید ذرائع کے ساتھ مل کر ایک مضبوط اور پائیدار توانائی کا مستقبل بنا سکتی ہے، کیوں کہ اس طرح کسی ایک ذریعے پر حد سے زیادہ انحصار نہیں رہے گا۔
ہم اپنی ٹیکنالوجی سے کسی بھی صورت ناجائز منافع کمانے کی کوشش کبھی نہیں کریں گے، اور جہاں تک ممکن ہو اسے معاشرے کے غریب ترین اور سب سے محروم افراد تک سب سے پہلے پہنچانے کے لیے وقف رہیں گے۔ ہم اپنے منشور کو نہایت سنجیدگی سے لیتے ہیں اور ہر حال میں اپنے وعدوں کی پاس داری کرنا چاہتے ہیں۔ ہم اپنے بچوں کو ایک بہتر دنیا دینا چاہتے ہیں، نہ کہ خلائی توانائی کی ٹیکنالوجی کو ہتھیار بنا کر دنیا تباہ کرنا یا اسے بند دروازوں کے پیچھے رکھ کر معاشرتی عدم مساوات بڑھانا۔
ہم ایک فعال خلائی توانائی کا نظام بنانے کی جانب آہستہ آہستہ اور مرحلہ وار بڑھ رہے ہیں۔ ہم جانتے ہیں کہ یہ سفر طویل اور دشوار ہوگا، لیکن ہمیں اس ٹیکنالوجی سے گہری دل چسپی ہے اور ہم اسے ممکن بنانے میں اپنا حصہ ڈالنا چاہتے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ ہم اپنے کام کے اچھے نگہبان ثابت ہوں تاکہ، اگر یہ حقیقت بنے، تو ہماری آئندہ نسلوں کے لیے ایک تحفہ اور امید و امن کی دائمی علامت ہو۔
”ہماری سب سے بڑی ذمہ داری آنے والی نسلوں کے لیے اچھے اسلاف بننا ہے۔“ — یوناس سالک
ہمارے شراکت دار
-
Rensselaer Polytechnic Institute
-
Rensselaer Center for Open Source
-
RPI Center for Computational Innovations
مزید جانیے
ہمارے بارے میں مزید جاننا چاہتے ہیں؟ ہمارا یوٹیوب چینل یا ہمارا خبرنامہ دیکھیے، جہاں ہم ایلارا سے متعلق ہر موضوع پر مضامین بھیجتے ہیں!
1. یہ ایک وضع کردہ لفظ ہے؛ اس کی مزید وضاحت پروجیکٹ کے تعارفی صفحے پر موجود ہے۔ واپس ↩